Sunday, July 5, 2009

سلم ڈاگ : اظہر کو آخر کارگھر مل گیا

فلم سلم ڈاگ ملینئیر کے چائلڈ اداکار اظہرالدین اسماعیل کو آخر کار گھر مل گیا۔وہ اپنے والدین کے ہمراہ ممبئی کے مضافات کے پوش علاقے کے ایک فلیٹ میں سنیچر کے روز منتقل ہو گئے۔
سانتاکروز میں ملن سب وے کے قریب بنی ایک نئی عمارت میں اظہر کوگراؤنڈ فلور کا مکان ملا ہے۔ دو کمروں کے اس مکان میں اظہر بہت خوش ہیں کیونکہ اب تک ان کی زندگی فٹ پاتھ پر لکڑی اور پلاسٹک کی چھت سے بنے مکان میں گزری تھی۔
اظہر کو یہ مکان سلم ڈاگ ملینئیر کے پروڈیوسرز کے بنائے گئے ٹرسٹ جے ہو نےدلوایا ہے۔ ٹرسٹ کے ایک ترجمان کے مطابق یہ مکان انہوں نے بیس لاکھ پچاس ہزار روپے میں خریدا ہے۔ مکان فی الحال ٹرسٹ کے نام پر ہی ہے اور اٹھارہ سال کی عمر ہونے کے بعد مکان اظہر کے نام پر کر دیا جائے گا۔
فلم سلم ڈاگ ملینئیر کو آسکر میں آٹھ ایوارڈ ملے تھے۔ فلم ممبئی کی کچی بستیوں میں رہنے والے بچوں کی زندگی کے اردگرد گھومتی ہے جس میں اظہر نے فلم کے ہیرو جمال ملک کے بڑے بھائی سلیم کے بچپن کا کردار نبھایا تھا۔ اسی فلم میں ان کے ساتھ روبینہ قریشی نے بھی فلم کی ہیروئن لتیکا کے بچن کا رول کیا تھا۔
دونوں بچے ممبئی کی کچی بستی غریب نگر میں رہتے تھے۔ مقامی میونسپل انتظامیہ نے جب دونوں کے گھروں کو منہدم کر دیا تب فلم کے پروڈیوسرز کو تنقید کا نشانہ بننا پڑا اس واقعہ کے بعد برطانوی ہدایت کار ڈینی بوئیل خصوصی طور پر ممبئی آئے تھے اور انہوں نے دونوں بچوں کو مکان دلانے کا وعدہ کیا تھا۔
اظہر کو مکان مل چکا ہے لیکن روبینہ ابھی باندرہ کے اسی غریب نگر کچی بستی میں اپنے والد کے ساتھ رہ رہی ہے۔ روبینہ کے والد رفیق قریشی کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی گھر نہیں دیا گیا ہے۔
اظہر اور روبینہ کے ہمراہ اس فلم میں اسی بستی کے کئی اور بچوں نے کام کیا تھا لیکن ان کا رول اتنا اہم نہیں تھا اور نہ ہی ان کی تقدیر۔ ممبئی جس کی آبادی ایک کروڑ پچاس لاکھ کے قریب ہے ، اس کا ساٹھ فیصد حصہ آج بھی کچی بستیوں میں رہتا ہے۔

No comments:

Post a Comment